وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی، مہمانوں کی فہرست میں کون کون شامل؟

November 26, 2021

بھارتی اداکار وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی کی مہمانوں کی فہرست سامنے آگئی، جس میں بین الاقومی فوٹوگرافر کا نام بھی شامل ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق وکی کوشل اور کترینہ کیف ابھی تک اپنی شادی کے معاملے میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، لیکن ساتھ ہی اُن کی شادی کے مہمانوں کی فہرست سے جڑے کچھ نام سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وکی کوشل اور کترینہ کیف جو آئندہ ماہ راجستھان کے ایک پرتعیش قلعے میں شادی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں، وہ اس سے قبل ممبئی میں کورٹ میرج کریں گے۔

کترینہ کیف نے اپنی شادی کے لیے اُس بین الاقوامی فوٹو گرافر کو بھی مدعو کیا ہے، جس کے ساتھ انہوں نے 2017ء میں فیشن شوٹ کیا تھا۔

بھارتی میڈیا نے اندرونی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ دسمبر میں ہونے والی شادی کے مہمانوں کی فہرست میں تازہ اپ ڈیٹ ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیرو کے مشہور فیشن فوٹوگرافر ماریو ٹیٹینو کو بھی وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔

دراصل ماریو نے 2017ء میں کترینہ کیف کے ساتھ مشہور ٹوال شوٹ پر ایک ساتھ کام کیا تھا، جسے اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک بار پھر شیئر کیا اور اُس کی خوب تعریف کی۔

ماریو اور کترینہ کیف کی ملاقات ایک پارٹی میں ہوئی تھی جس کے بعد دونوں نے بہت سی تصاویر شوٹ کیں، جس میں مشہور ٹوال سیریز بھی شامل ہے۔

اس ٹوال سیریز میں سیلنا گومز، کینڈل جینر، سنڈی کرافورڈ جیسی بین الاقوامی شخصیات کے ساتھ کترینہ کیف نمایاں چہرہ تھیں۔

وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی کی ایک تقریب ہدایت کار کبیر خان کے گھر پر ہوئی تھی، جس میں اُن کی اہلیہ منی ماتھر بھی شریک تھیں ،یوں دونوں ہی یقیناً شادی میں مدعو ہیں۔

اس کے ساتھ وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی میں کرن جوہر، روہیت شیٹی، علی عباس ظفر، سدھارتھ ملہوترا، کیارا اڈوانی، ورون دھون، نتاشا دلال اور دیگر شریک ہوں گے۔