رشوت کا الزام، ریو اولمپک سربراہ کو 30 برس قید

November 27, 2021

ریو ڈی جنیرو (اے ایف پی) برازیل کی ایک عدالت نے ریو ڈی جنیرو کی جانب سے اولمپکس 2016کے حصول کی کوشش کیلئے ووٹس خریدنے کے الزام میں برازیلین اولمپک کمیٹی کے سابق صدر کو 30برس قید کی سزا سنادی۔ وفاقی عدالت میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلٹکس فیڈریشنز (آئی اے اے ایف) کے سابق سربراہ لامین ڈیاک اور ان کے بیٹے پاپا ماساتا ڈیاک کو 20 لاکھ رشوت دینے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں 79 سالہ کارلوس نوزمان کو سزا سنائی گئی۔ اولمپکس کے سابق سربراہ پر کرپشن، منظم جرم اور منی لانڈرنگ کرنے کی فرد جرم عائد کی گئی اور انہیں 30 برس 11 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ نوزمان 1995 سے لیکر 2017 تک برازیلین اولمپک کمیٹی کے سربراہ رہے تھے، انہیں چار برس قبل گرفتار کیا گیا تھا تاہم ان کی جانب سے اپیل کئے جانے کے بعد وہ بدستور ضمانت پر رہا رہیں گے۔