راکھی ساونت کے شوہر کا پہلی ملاقات سے متعلق اہم انکشاف

November 27, 2021

بھارتی متنازع اداکارہ اور بگ باس کے سیزن 14 کی کنٹسٹنٹ راکھی ساونت کے شوہر رتیش نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ان کی پہلی بار راکھی سے واٹس ایپ پر بات ہوئی تھی لیکن راکھی نے اُنہیں بلاک کردیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت کے شوہر رتیش نے بگ باس کے سیزن 15 میں انٹری دی جہاں اُنہوں نے اپنی اور راکھی کی شادی کے حوالے سے گفتگو کی۔

رتیش نے کہا کہ ’میری زندگی میں کچھ چیزیں ٹھیک نہیں چل رہی تھیں اور میں بہت افسردہ تھا۔ میں کسی ایسے شخص سے بات کرنا چاہتا تھا جو میرے پیشے سے نہ ہو۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اسی دوران مجھے راکھی کا واٹس ایپ نمبر ملا، میں نے راکھی کو ’ہائے‘ کا میسج کیا جس کے بعد راکھی نے مجھے بلاک کردیا اور پھر میں نے راکھی کو دوسرے نمبر سے میسج کیا۔‘

رتیش نے کہا کہ ’مجھے معلوم ہوا کہ راکھی کا پہلے سے ایک بوائے فرینڈ تھا جوکہ ایک ڈان تھا اور راکھی اُس سے الگ ہونا چاہتی تھی۔‘

دوسری جانب راکھی نے کہا کہ ’میری ماں نے مجھ سے کہا کبھی اپنے بوائے فرینڈ سے بات نہ کرنا اور پھر میں نے اس سے بات کرنا چھوڑ دی، میں اس آدمی سے بچنے کے راستے تلاش کر رہی تھی، اس ڈان نے فلمی ڈائیلاگ استعمال کیے اور مجھ سے کہا کہ وہ مجھے اور سب کو اغوا کر لے گا، یہ وہ وقت تھا جب رتیش مجھے میسج کر رہے تھے۔‘

رتیش نے مزید کہا کہ ’پھر ہم نے بات شروع کی، راکھی نے مجھے بتایا کہ وہ فوری طور پر شادی کرنا چاہتی ہے اور میں نے راکھی کو شادی کی پیشکش کی اور پیشکش قبول کرنے پر ہم نے شادی کرلی۔‘

یاد رہے کہ سال 2019ء میں راکھی ساونت نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ وہ رتیش نامی شخص کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں تاہم اُنہوں نے اپنے شوہر کی کوئی تصویر نہیں دِکھائی تھی۔

واضح رہے کہ راکھی ساونت نے بگ باس کے سیزن 14 کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ان کے شوہر پہلے ہی شادی شدہ تھے اور ایک بچے کے باپ بھی ہیں جس کے بارے میں انہیں شادی کے بعد پتہ چلا۔