افغان وزیرِ صحت ڈاکٹر قلندر جہاد کی پاکستان آمد، قطر روانگی

November 27, 2021

افغانستان کے وزیرِ صحت ڈاکٹر قلندر جہاد نے پاکستان کا دورہ کیا، افغانستان کی وزارتِ صحت نے پاکستان سے ہنگامی بنیادوں پر جان بچانے والی ادویات کی فراہمی کی درخواست کر دی۔

افغانستان کے وزیرِ صحت ڈاکٹر قلندر جہاد نے اسلام آباد میں حکومتی اور غیر حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر پاکستان فارماسیوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے افغانستان کو جان بچانے والی ادویات عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغان وزارتِ صحت نے مریضوں کو پاک افغان بارڈر پر سہولتیں فراہم کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

پاکستانی حکام نے بتایا کہ افغان وزارتِ صحت نے اسپتالوں کو فعال بنانے کے لیے حکومتِ پاکستان سے درخواست کر دی ہے۔

ڈاکٹر قلندر جہاد نے درخواست کی کہ پاکستان افغان ٹیکنیشنز، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو تربیت فراہم کرے۔

پاکستانی وزارتِ صحت کے مطابق افغانستان کی درخواست پر صحت کے شعبے میں مدد کریں گے، افغان عوام کو صحت کی سہولتوں کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنا لیا ہے۔

پاکستانی وزارتِ صحت حکام نے بتایا کہ افغان مریضوں کی سہولت کے لیے بارڈر پر ڈاکٹرز تعینات کر دیئے ہیں۔

پاکستانی وزارتِ صحت حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ افغان وفد صحت کے شعبے میں مزید مدد حاصل کرنے کے لیے قطر روانہ ہو گیا، افغان وزیرِ صحت وفد سمیت 2 ہفتے بعد پھر پاکستان آئیں گے۔