نسلہ، تجوری ہائٹس کیسز، تحریری حکم نامے جاری

November 27, 2021

سپریم کورٹ آف پاکستان کی کراچی رجسٹری نے نسلہ ٹاور اور تجوری ہائٹس کیسزکے تحریری حکم نامے جاری کر دیئے۔

عدالتِ عظمیٰ نے نسلہ ٹاور کیس سے متعلق 26 نومبر کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔

جاری کیئے گئے حکم نامے میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کمشنر کراچی200 کی جگہ 400 مزدوروں کو لگائیں، نسلہ ٹاور گرانے کی کارروائی 1 ہفتے میں یقینی بنائیں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کا اپنے حکم میں کہنا ہے کہ نسلہ ٹاور گرانے کے عمل کو محفوظ بھی بنایا جائے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے تجوری ہائٹس کیس میں بھی تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا ہے کہ تجوری ہائٹس کے وکیل نے ملبہ اٹھانےکے لیے 20 دن کی مہلت مانگی ہے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے تجوری ہائٹس کا ملبہ اٹھانے کے لیے 20 روز کی مہلت دے دی ہے۔

عدالتِ عظمی کا اپنے حکم نامے میں یہ بھی کہنا ہے کہ کمشنر کراچی تجوری ہائٹس گرانے کے احکامات پر عمل درآمد کریں، تجوری ہائٹس کی زمین کا قبضہ کمشنر کراچی کے پاس رہے گا۔