برطانیہ میں طوفان ’آرون‘ نے تباہی مچادی

November 27, 2021

فوٹو: فائل

برطانیہ میں طوفان آرون نے تباہی مچادی جہاں اسکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ، ویلز اور ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں، شدید برفباری اور بارش سے درخت گر گئے جبکہ ایک لاکھ سے زائد مکانات بجلی سے محروم ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق متعدد شاہراہوں پر رات بھر ٹریفک جام رہا، درخت گرنے کے حادثات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رات بھر چلنے والی 70 سے 80 میل فی گھنٹہ رفتار کی تیز ہواؤں سے متعدد عمارات کو نقصان پہنچا، جہازوں کو لینڈنگ میں مشکلات ہوئیں۔

طوفانی ہواؤں سے ہائی وے پر ٹرک الٹ گیا، متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، درخت گرنے اور برف باری سے اسکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ کی متعدد شاہراہوں پر ٹریفک جام رہا۔

محکمہ موسمیات نے اسکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ، ویلز اور ساحلی علاقوں میں طوفانی ہواؤں کی ریڈ وارننگ جاری کی تھی۔

محکمہ موسمیات نے آج کے لیے بھی تیز ہواؤں اور برف باری کی پیشگوئی کی ہے، خراب موسم کے باعث حکام نے عوام سے غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔