احد خٹک کی کامیابی کے لئے انتخابی مہم تیز کر دی گئی

November 28, 2021

پشاور( نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے ضلع نوشہرہ میں بلدیاتی الیکشن میں حکمران جماعت کا صفایا کرنے کیلئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دے دی گئی۔ پیپلز پارٹی پشاور کے ڈویژنل صدر و سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب نے تحصیل کونسل نوشہرہ کے چیئرمین کیلئے انیس دسمبر کو ہونے والے الیکشن میں وفاقی وزیر پرویز خٹک کے صاحبزادے اسحاق خٹک کے مقابلہ میں وفاقی وزیر پرویز خٹک کے بھائی حکمران جماعت کے صوبائی اسمبلی ممبر لیاقت خٹک کے صاحبزادے اور تحصیل نوشہرہ کے سابق تحصیل ناظم احد خٹک کی کامیابی کے لئے انتخابی مہم تیز کر دی۔ ضلع نوشہرہ کی تینوں تحصیلوں میں حکمران جماعت کو ناک آئوٹ کرنے کے لئے پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی سے انتخابی اتحاد کر لیا۔ جماعت اسلامی کے امیدوار احد خٹک اور تحصیل جہانگیرہ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کے مقابلہ میں دستبردار ہو گیا جبکہ تحصیل پبی میں جماعت اسلامی کے حاجی بشیر خان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ وفاقی وزیر پرویز خٹک کے صاحبزادے اسحاق خٹک کے مقابلہ میں احد خٹک کی کامیابی کے لئے جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی مشترکہ انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔ لیاقت شباب نے انتخابی مہم کے دوران اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انیس دسمبر کو ضلع نوشہرہ سے حکمران جماعت کا سیاسی جنازہ نکلے گا۔