گوئٹے مالا کا شہری طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر امریکا پہنچ گیا

November 28, 2021


بغیر ٹکٹ سفر کرنے والا گوئٹے مالا کا شہری امریکی ایئر لائنز کے طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر امریکا کے شہر میامی پہنچ گیا۔

گوئٹے مالا کا مذکورہ شہری ڈھائی گھنٹے کی پرواز کے دوران محفوظ رہا۔

طیارے کی لینڈنگ کے بعد گوئٹے مالا کے شہری کو امریکی امیگریشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

امریکی کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن ایجنسی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام نے میامی کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 26 سالہ شخص کو پکڑا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص طیارے کے لینڈنگ گیئر کے حصے میں چھپ کر گوئٹے مالا سے یہاں پہنچا ہے۔

امریکی ایئر لائن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گوئٹے مالا سے میامی کے لیے اس کی پرواز کو سیکیورٹی کے مسئلے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔