کورونا کی نئی قسم آسٹریلیا میں رپورٹ، کئی ملکوں میں افریقی پروازوں پر پابندی

November 28, 2021

فوٹو: فائل

کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کا پھیلاؤ جاری ہے جبکہ یہ وائرس اب آسٹریلیا میں بھی رپورٹ ہوگیا ہے۔

طبی حکام کے مطابق جنوبی افریقہ سے سڈنی آنے والے دو مسافروں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف ملکوں کے اقدامات جاری ہیں، جنہوں نے افریقی پروازوں پر پابندی لگادی۔

ادھر سعودی وزارتِ داخلہ نے افریقی ملک ملاوی، زیمبیا، مڈغاسکر، ماریطانیہ سمیت سات ممالک کے لیے پروازوں کی آمدورفت روک دی ہے۔

سعودی عرب اس سے پہلے جمعے کو جنوبی افریقہ، نمیبیا، بوٹسوانا، زمبابوے، موزمبیق، لیسوتھو اور ایسوا تینی (سوازی لینڈ) کے لیے پروازیں معطل کرچکا ہے۔

مالدیپ نےجنوبی افریقہ، بوٹسوانا، زمبابوے، موزمبیق، نمیبیا، لیسوتھو اور ایسوا تینی(سوازی لینڈ) کے مسافروں پر پابندی لگادی ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں ان سات افریقی ملکوں سے آنے والوں کو 14 دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

اسرائیل نے بھی آج شام سے تمام غیر ملکیوں کے لیے اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔