پولش وزیر اعظم کی جرمن چانسلر پر کڑی تنقید

November 29, 2021

وارسا/ برلن ( نیوز ڈیسک) پولش وزیر اعظم ماتویش موراؤسکی نے جرمنی کی سبکدوش ہونے والی چانسلر انجیلا مرکل کی طرف سے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے ساتھ ٹیلی فرن پر بات چیت کرنے کے عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بیلاروس اور پولینڈ کے مابین جاری تارکین وطن کے بحران کے تناظر میں موراؤسکی نے کہا کہ انجیلا مرکل کو الیگزینڈر لوکا شینکو سے رابطہ نہیں کرنا چاہیے تھا، کیوں کہ اس طرح الیگزینڈر لوکاشینکو کی حکومت کو تسلیم کرنے کا تاثر ملتا ہے۔ انجیلا مرکل نے اس بحران کے خاتمے کی خاطر دو بار الیگزینڈر لوکا شینکو سے گفتگو کی ہے۔ دوسری جانب جرمنی میں کیے گئے ایک سروے کے نتائج کے مطابق جرمن باشندے اس بارے میں منقسم ہیں کہ بیلاروس اور پولینڈ کی سرحد پر پھنسےتارکین وطن کو جرمنی لایا جائے۔ یو گوو سروے کے مطابق اس میں شامل ہونے والے 45فیصد جرمن ان تارکین وطن کو جرمنی لانے کے خلاف ہیں، جب کہ صرف 9 فیصد نے کہا کہ انہیں جرمنی میں پناہ حاصل کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ 21 فیصد کا کہنا ہے کہ اگر یورپی یونین کے دیگر رکن ممالک بھی انہیں پناہ دینے کو تیار ہیں تو جرمنی کو بھی ایسا کرنا چاہیے۔ اس آن لائن سروے میں 2100سے زائد جرمنوں نے حصہ لیا، جو رواں سال 19سے 23 نومبر کیا گیا۔ واضح رہے کہ پولینڈ کی سرحد سے متصل بیلاروس کے علاقوں میں اس وقت ہزاروں غیرقانونی تارکین وطن موجود ہیں، جو پولینڈ میں داخل ہو کر یورپی یونین کے رکن ممالک خاص طور پر مغربی یورپ جانے کے خواہاں ہیں۔ تاہم پولینڈ کی جانب سے سرحد بند کیے جانے کے باعث وہ پھنس کر رہ گئے ہیں۔ سخت سردی اور دیگر مسائل کے دوچار تارکین وطن میں سے اب تک 3 کی موت بھی واقع ہوچکی ہے، جن کا تعلق مختلف عرب ممالک سے تھا۔