اوورسیزپاکستانی مقامی سیاست میں حصہ لیں ،گورنرپنجاب

November 29, 2021

گلاسگو(طاہر انعام شیخ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے برطانیہ اور یورپ میں مقیم پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں مقامی ممالک کی سیاست میں حصہ لیں، ممبران پارلیمنٹ بنیں، کونسلرز بنیں یہاں کی مقامی سماجی سرگرمیوں میں بھرپور طور پر حصہ لیں اس سے نہ صرف وہ میاں کی مقامی پاکستانی کمیونٹی بلکہ اپنے آبائی ملک پاکستان کی بھی بھرپور خدمت کرسکیں گے۔چوہدری محمد سرور نے پی ٹی آئی سکاٹ لینڈ کے سینئر رہنما فاروق افضل شیخ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشایئے سے خطاب کرتے مزید کہا ہے کہ مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ ہماری نئی نسل کے بچے یہاں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹر، وکیل، پروفیسر اور انجینئر بن کر زندگی کے مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ایک تعداد ایسے بچوں کی بھی ہے جو کہ جرائم کی راہ پر جل پڑے ہیں، برطانوی جیلوں میں پاکستانیوں اور مسلمانوں کی شرح ان کی آبادی کےلحاظ سے کہیں زیادہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنی پہلی ترجیح بچوں کی تعلیم و تربیت کو رکھیں۔تقریب سے قونصل جنرل آف پاکستان سید زاہد رضا شاہ اور ممتاز سیاسی وسماجی رہنما فیصل جمیل گوشی نے بھی خطاب کیا۔