پنجاب سٹیز پروگرام میونسپل سروسز کی فراہمی کااہم منصوبہ ہے،محمو دالرشید

November 29, 2021

لاہور(خبر نگار)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہاہے کہ پنجاب سٹیزپروگرام محکمہ بلدیات کا عوام کو اعلی درجے کی میونسپل سروسز کی فراہمی کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کے تحت سولہ شہروں میں فراہمی و نکاسی آب، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پارکس،سٹریٹ لائٹس، سڑکیں اور بس اڈوں کی تعمیر اور مرمت و بحالی کے منصوبوں پر کام جاری ہے - انہو ں نے کہاکہ پنجاب سٹیز پروگرام کا مقصد میونسپل خدمات میں مقامی حکومتوں کی شراکت کو مضبوط بنا کر شہروں میں میونسپل سروسز کی فراہمی اور ان کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت اس وقت جہلم، حافظ آباد، ڈسکہ، کامونکی، وزیر آباد، مریدکے، گوجرہ،اوکاڑہ، جڑانوالہ، جھنگ، کمالیہ، بہا ولنگر، بورے والا، خانیوال، کوٹ ادو اور وہاڑی میں جاری ہے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق چار ملین سے زائد افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔پی سی پی منصوبے کی مالی معاونت ورلڈ بینک نے کی ہے جبکہ مقامی حکومتیں بھی اس میں شرکت دار ہیں ۔