سموگ کے خاتمہ کیلئے تمام محکموں کاتعاون ضروری ہے،آئی جی

November 29, 2021

لاہو(کرائم رپورٹر،خبرنگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ سموگ کا سبب بننے والی ماحول دشمن سرگرمیوں کے سدباب کیلئے پولیس، ضلعی انتظامیہ، محکمہ ماحولیات اورمحکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کا باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں انسداد سموگ کے حوالے سے بھرپور کاروائیاں جاری رکھیں ۔ مزید برآں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے سرگودھا میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کی ہے۔ راؤ سردارعلی خان نے صوبے کے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والے سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کئے ہیں ۔دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی کی قیادت میں قیادت میں آئی جی پنجاب راؤ سردارعلی خان سے علماءکرام کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پنجاب بھرمیں امن و امان کی صورتحال،فرقہ وارانہ سرگرمیوں کی انسداد کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اور آئی جی نے وفد کوعلماءپرقائم مقدمات کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ۔آئی جی پنجاب راؤ سردارعلی خان نے علماءکرام کے وفد کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں علماءکرام کی قربانیوں کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔