این اے 133 میں منتخب نمائندگان کے دورہ کرنے پر پابندی

November 29, 2021

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے این اے 133 میں منتخب نمائندگان کے دورہ کرنے پر پابندی عائد کردی۔

5 دسمبر کو ہونے والے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران حلقے میں منتخب نمائندگان کے دورہ کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اور سی سی پی او کو خط لکھ کر ہدایات جاری کردی گئی ہیں، منتخب نمائندگان کو حلقے میں داخل نہ ہونے دینے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

ڈی ایم او کا کہنا ہے کہ صدر، وزیراعظم، ممبران سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی حلقے کا دورہ نہیں کرسکتے، چیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر حلقے کا دورہ نہیں کرسکتے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نمائندگان اور پبلک آفس ہولڈرز بھی انتخابی مہم میں شریک نہیں ہوسکتے، منتخب نمائندگان کا انتخابی حلقےکا دورہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔