اومیکرون کی مزید تفصیلات کا انتظار، عالمی منڈیوں میں استحکام، تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ

November 30, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی مزید تفصیلات کا انتظار، عالمی منڈیوں میں استحکام، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا، برینٹ کروڈ کی قیمت میں 2.28 فیصد اضافے کے بعد اس کی قیمت 75.02 ڈالر فی بیرل ہوگئی، اسی طرح امریکی تیل کی قیمت میں 2.93 فیصد اضافے کے بعد امریکی تیل 71.08 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا، برینٹ اور امریکی تیل کی قدر میں جمعے کے روز تقریباً 10،10 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔ سرمایہ کاروں نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون پر مزید ڈیٹا سامنے نہ آنے کے بعد جمعے کے روز عالمی معاشی منڈیوں اور تیل کی قیمتوں میں کمی کے رحجان پر توجہ نہیں دی۔ ان کے مطابق اومیکرون کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا تھا۔ یورپی منڈیوں اور امریکی اسٹاک مارکیٹ میں اضافے کا رحجان دیکھا گیا تاہم امریکی سیف ہیون بانڈز کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔ سوئس بینک جولیس بئیر کے عہدیدار نوربرٹ روئیکر کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز معاشی مارکیٹس خوف کے عنصر کا شکار ہوئیں۔ بنیادی طور پر عالمی سطح پر فضائی سفری پابندیوں کے باعث اتنے بڑے پیمانے پر مارکیٹس مندی کا شکار نہیں ہوتی۔ دوسری جانب سرمایہ داروں کی جانب سے کورونا کی نئی قسم کی مزید تفصیلات کا انتظار کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے بھی پیر کے روز عالمی منڈیوں میں استحکام دیکھا گیا۔ ادھر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان السعود نے کہا ہے کہ وہ اومیکرون کے حوالے سے پریشان نہیں ہیں، ان کے روسی ہم منصب کا کہنا ہے کہ فی الحال کورونا کی نئی قسم کے حوالے سے کسی ہنگامی اقدام کی ضرورت نہیں ہے۔ اسی طرح ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایران جوہری معاہدے کی بحالی کے حوالے سے بھی رواں ہفتے آئل کی مارکیٹ ریڈار پر رہے گی، اگر عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان تہران کے جوہری پروگرام پر معاہدہ ہوا تو تیل کی عالمی سپلائی میں اضافہ ہوگا اور اس کا اثر قیمتوں پر پڑ سکتا ہے اور اس میں کمی کا امکان ہے۔