نیشنل آئیڈیا ز بینک مقابلہ کے حوالے سے پشاور میں پانچ روزہ تقریب کا انعقاد

November 30, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں ترقی نا گزیر ہے جس کیلئے صوبائی حکومت نوجوانوں کو ایڈوانسڈ ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ سمیت دیگر مختلف منصوبوں پر بھی خطیر رقوم خرچ کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاورمیں نیشنل آئیڈیاز بینک (NIB) کی تقسیم انعامات کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان حصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا منعقدہ تقریب کی میزبانی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور نے کی۔ تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ پشاور پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین،فیکلٹی ممبرز سمیت طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے حطاب کرتے ہوئے عاطف خان کا کہنا تھا کہ مقامی مسائل کا حل اختراعی آئیڈیاز کی شناخت اور نمائش کے لیے تعلیمی اداروں، حکومت، صنعت اور سوسائٹی کے درمیان باہمی تعاون اور مرکزی پلیٹ فارم کی فراہمی سے ہی ممکن ہے جن کیلئے نیشنل آئیڈیاز بینک، پاکستان جیسی تقریبات نہایت مفید ثابت ہونگے۔عاطف خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے پشاور میں ڈیجیٹل یوتھ سمٹ2021 کا اہتمام رواں مہینے کیا جس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے وابستہ نیشنل اور انٹرنیشنل ماہرین نے شرکت کی اور صوبے کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت اور اینویٹیو آئیڈیاز سے روشناس کرایا۔