اظہار رائے ہرشہری اور سیاسی پارٹی کا حق ہے، این ڈی ایم

November 30, 2021

کوئٹہ (آن لائن )نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے بیان میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی، پشتون تحفظ موومنٹ کے قائد منظور پشتون اور دیگر سیاسی کارکنوں کیخلاف مقدمات درج کرنے کے غیرآئینی، غیرقانونی اور پشتون دشمن استعماری اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان ناروا مقدمات کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ ملکی و قانون کے تحت جلسہ وجلوس اور اظہار رائے ہرشہری اور سیاسی پارٹی کا حق ہے لیکن پنجاب کی استعماری قوتوں اور حکمرانوں نے پشتونوں کو غلام اور محکوم بناکر اب اظہار رائے کے بنیادی حق سے بھی محروم کیا ہے جبکہ دوسری جانب ملک میں دہشت گرد، انتہاپسند اور فرقہ پرست تنظیموں اور عناصر کو ریاستی سرپرستی میں مسلط کیا گیا ہے اور ریاست و آئین و قانون کو چیلنج کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ایسی صورتحال میں پشتونخوا وطن کی تمام جمہوری، ترقی پسند اور نیشنلسٹ سیاسی پارٹیوں کو سیاسی لائحہ عمل مشترکہ طور پر وضع کرنا ہوگا۔