کورونا وباء،آڈٹ رپورٹ نے حکومتی ریلیف کا بھانڈا پھوڑ دیا

December 01, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) کورونا وبا ءکے دوران حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بڑے بڑے دعوے کئے مگر آڈٹ رپورٹ نے ان دعوئوں کی نفی کردی ہے، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے1200ارب روپے کے تاریخی ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا اس میں سے 500ارب روپے مزدوروں اور غریبوں کو فوری ریلیف فراہم کرنےکیلئے مختص کئےگئے مگر عوام کیلئے صرف 116 ارب روپے جاری کئے گئے، ان میں سے بھی 35 ارب روپے سے زائد خلاف ضابطہ ادائیگیاں کئے جانےکا انکشاف ہوا ہے، آڈٹ رپورٹ کے مطابق کورونا ریلیف پیکج کے تحت خریداری کے دوران بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں کی گئیں، ایک ارب 80 کروڑ روپے کی ادائیگیاں ایسے افراد کو گئیں جو مستحق نہیں تھے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دیہاڑی دار ملازمین کیلئے اعلان کئےگئے 200 ارب روپے میں سے صرف16 ارب جاری ہوئے، پناہ گاہوں اور لنگرخانوں میں150 ارب میں سے145 ارب تقسیم ہوئے، یوٹیلیٹی سٹورز کو 50 ارب میں سے صرف 10 ارب روپےدیے گئے ،بجلی اور گیس پر 100 ارب کی سبسڈی میں سے صرف 15 ارب روپے دئیےگئے، آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 25 ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیاں ہوئیں، سرکاری ملازمین ، پینشنرز اور غیر مستحق افراد کو بھی ادائیگیاں کی گئیں، 250 بستروں کے آئیسولیشن ہسپتال کیلئے ملنے والی رقم خرچ نہیں کی گئی، ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کی ادائیگیاں تو ٹیکس فائلرز کو بھی کردی گئیں، رپورٹ میں این ڈی ایم اے میں 4 ارب 80 کروڑ روپے کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی، میڈیکل سے متعلق سامان خریدنے کیلئے 50 ارب روپے میں سے 8 ارب 58 کروڑ روپے جاری کئے گئے، ان میں سے 8 ارب ایک کروڑ روپے دفاعی سروسز کو جاری کئےگئے، صحت کے شعبے میں کام کرنیوالوں کو ایک ارب 33 کروڑ روپے کا سامان فراہم ہی نہیں کیا گیا۔