نعیم بازئی نے ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

December 01, 2021

کوئٹہ(خ ن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے نو تعینات ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم بازئی نے عہدے کا چارج سنبھال کر فرائض کی ادائیگی شروع کردی۔ ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی اور سابق ڈی جی ابراہیم بلوچ کے اعزاز میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے دفتر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن آصف خان ، ڈائریکٹر لیگل جانان خان جعفر ، ڈائریکٹر آپریشنز محمد اسحاق اور ڈائریکٹر رجسٹریشن اینڈ لائسنسگ شکیل احمد کے علاوہ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹرز و دیگر حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں بی ایف اے کے افسران نے سابق ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں بی ایف اے کا دائرہ کار صوبہ بھر کے 35اضلاع تک بڑھایا گیا جبکہ اس دوران اتھارٹی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ۔ نئے ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم بازئی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ادارے کی ترقی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ابراہیم بلوچ کی کاوشیں و اقدامات قابل تحسین ہیں ، میری اپنی ٹیم کے ہمراہ کوشش ہوگی کہ اتھارٹی کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لئے تمام توانائیاں بروئے کار لاؤں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں جاری اصلاحات و بلوچستان بھر میں عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی و ملاوٹی اشیاء کے تدارک کیلئے بی ایف اے کے جاری مشن کو آگے بڑھائینگے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ابراہیم بلوچ کے تجربے سے ضرور استفادہ کیا جائے گا۔