بلوچستان میں ایڈزسے متاثرہ مریضوں کی تعداد7 ہزار تک پہنچ گئی

December 01, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت بلوچستان ڈاکٹرعلی ناصر بگٹی اور صوبائی منیجر ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر افضل زرکون نے کہا ہے کہ محتاط اندازے کے مطابق بلوچستان میں ایڈزسے متاثرہ مریضوں کی تعداد 7000 ہزار تک پہنچی گئی ہے، ایڈزکی وباء پرقابوپانے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں اسکریننگ سینٹرقائم کئے گئے ہیںکوئٹہ اورتربت میں ایڈزتھراپی سینٹربھی قائم ہیں۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ یکم دسمبر کو دنیا بھر میں ایڈز کی روک تھام کا عالمی دن منایا جاتا ہے اس سال کاعنوان ”آیئے عدم مساوات کو ختم کرکے ایڈز کو ختم کریں اس عالمگیر وبا کو ختم کریں “ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی ایڈز ایک لاعلاج اور جان لیوا مرض ہے جس کی روک تھام کیلئے آگاہی ضروری ہے ، محکمہ صحت حکومت بلوچستان اور صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام نے بلوچستان میں یونیسیف و دیگر تنظیموں کے ساتھ ملکر 25 نومبر تا 5 دسمبر دس روزہ مہم چلارہی ہے جس میں مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے جن کا مقصد لوگوں کو ایڈز کے بارے میں آگاہی دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی ایڈز تین طریقوں سے انسانی جسم میں داخل ہوکر مدافعتی نظام کو تباہ کردیتا ہے یہ خون کے ذریعے ، غیر محفوظ انتقال خون ، استعمال شدہ سرنج ، آلات جراحی ، حجام ، کان ناک میں سوراخ ، دانت نکلواتے وقت منتقل ہوسکتا ہے ، دوسرا طریقہ متاثرہ ماں سے یہ بیماری بچے میں منتقل ہوسکتا ہے جبکہ تیسرا طریقہ ایچ آئی وی سے متاثرہ شخص کیساتھ جنسی تعلقات سے ایڈز کا وائرس دوسرے شخص میں منتقل ہوسکتا ہے ۔ بدقسمتی سے بلوچستان میں انجکشن کے ذریعے نشہ لینے والے افراد کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جس سے ان میں یہ وائرس منتقل ہونے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی کے حوالے سے کوئٹہ ، تربت ، گوادر ، شیرانی ، ژوب اور نصیر آباد سمیت بلوچستان کے 6 اضلاع کو ہائی رسک قراردیا گیا ہے ، جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد زیادہ ہے ایک محتاط اندازے کے مطابق بلوچستان میں ایڈزسے متاثرہ مریضوں کی تعداد 7000 ہزار تک پہنچی گئی ہے تاہم ایڈز کنٹرول پروگرام کیساتھ رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 1754 ہے جن میں سے کوئٹہ میں 1406 ، تربت میں 339 مریض ہیں ۔ گزشتہ سال بلوچستان میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 1523 تھی جو اب بڑھ چکی ہےانہوں نے کہا کہ ایڈزپرقابوپانے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں اسکریننگ سینٹرقائم کئے گئے ہیں جہاں ٹیسٹ کٹس فراہم کردیئے گئے ہیںکوئٹہ اورتربت میں ایڈزتھراپی سینٹربھی قائم ہیں۔