کورونا کی ہر لہر سے بچاؤ کا واحد حل ویکسینیشن ہے: ڈاکٹر یاسمین راشد

December 01, 2021

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہکورونا وائرس کی ہر لہر سے بچاؤ کا واحد حل ویکسین ہے لہٰذا عوام جلد سے جلد ویکسینیشن مکمل کرائیں۔

ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت ایڈز سے بچاؤ کے لیے علاج کی ہر سہولت فراہم کررہی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایڈز کے عالمی دن پر ایڈز کے مریضوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا عہد کرنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی مرض پر خاموش رہنا بیماری بڑھانے کے مترادف ہے، ایڈز سے بچاؤ کی جتنی زیادہ ہو سکے تشہیر کرنی چاہیے۔

وزیر صحت پنجاب نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللّٰہ ہم سب مل کر ایڈز کیخلاف جنگ جیتیں گے۔