الیکشن کمیشن کو فنڈ نہ ملنا بڑی بلیک میلنگ ہے، سعید غنی

December 01, 2021


سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی کا کہنا ہے کہ ووٹنگ مشین استعمال نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کو فنڈ نہ ملنا بہت بڑی بلیک میلنگ ہے، حکومت اپنی مرضی کے قوانین بنانے کے لئے بضد ہے، الیکشن کمیشن کو دھمکی دی گئی ہے کہ آپ کی فنڈنگ بند کردیں گے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت بنائے گئے ادارے کو مفلوج بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں ہال میں کیمرے لگائے گئے، پھر اب حکومت کہہ رہی ہے کہ صاف شفاف الیکشن کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ صاف شفاف الیکشن دھاندلی کی مشین کے ساتھ کرانا چاہتے ہیں، ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں، امید ہے اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کو مفلوج بنانے کی سازش ناکام بنائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا پشاور جلسہ بھرپور ہوا، لوگ پی پی پر اعتماد کر رہے ہیں، حالیہ دنوں میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے پشاور اور کے پی میں جلسے ناکام ہوئے اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کا جلسہ بھی کامیاب نہیں ہوسکا۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ اس حکومت نے اپنی ہر نالائقی کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ڈالنا شروع کردی، اس کابینہ میں سب نالائق ہیں، کون اتنا نالائق تھا جس نے بتایا کہ سندھ سے 16 لاکھ ٹن گندم چوری ہوگئی، حالانکہ سندھ نے 12 لاکھ ٹن گندم خریدی تھی۔