قائداعظم ٹرافی: حیدر علی کے 206 رنز، حارث رؤف کے6 شکار

December 02, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کو سندھ کی ٹیم میں کھلانے سے گریز کیا جارہا تھا لیکن بلوچستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے پہلی ہی اننگز میں سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش سے واپس آنے والے نوجوان حیدر علی نے قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری بنادی جبکہ حارث رئوف نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں رائونڈ کے دوسرے دن ناردرن نے سینٹرل پنجاب کے خلاف میچ میں گرفت حاصل کرلی۔ نیشنل بینک کمپلکس میں ناردرن نے پہلی اننگز 8 وکٹ پر 445 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ حیدر علی نے206 رنز بنائے۔ انہوں نے فیضان ریاض کے ساتھ چوتھی وکٹ پر229رنز کا اضافہ کیا۔ فیضان نے67 رنز اسکور کئے۔ حیدر نے 206 رنز 221گیندوں پر بنائے ان کی اننگز میں 27چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ جواب میں سینٹرل پنجاب نے8 وکٹ پر223رنز بنائے۔ حارث رئوف نے41رنز کے عوض چھ وکٹ حاصل کئے۔ اسٹیٹ بینک گرائونڈ میں سندھ کے پہلی اننگز کے اسکور 145رنز کے جواب میں کے پی نے9 وکٹ پر 265 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ سہیل خان نے82 رنز دے کر پانچ اور میر حمزہ نےتین وکٹ حاصل کئے۔کھیل ختم ہونے پر سندھ نے دوسری اننگز میں دو وکٹ پر137 رنز بنائے تھے۔ خرم منظور 59 اور اسد شفیق 50 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ یو بی ایل گراونڈ میں سدرن پنجاب پہلی اننگز میں483 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ سلمان آغا نے135، یوسف بابر نے119ناٹ آئوٹ اورذیشان اشرف نے102 رنز بنائے۔ جواب میں بلوچستان نے چار وکٹ پر276 رنز اسکور کئے تھے۔ شان مسعود نے کم بیک میچ میں105رنز بنائے۔ ایاز تصور 58 اور بسم اللہ خان57 رنز پر کھیل رہے ہیں۔