خواتین کرکٹ ٹیم کی وطن آمد، تین دن کیلئے قرنطینہ کردیا گیا

December 02, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے کے شہر ہرارے سے بدھ کی صبح کراچی پہنچنے کے بعد تین دن کے لئے قرنطینہ میں چلی گئی ہے۔ پی سی بی ذرائع کاکہنا ہے کہ اس دوران تمام افراد کے پی سی آر اور دیگر ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے، 72گھنٹے بعد کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ واضح رہے کہ ایونٹ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاؤ کے باعث ختم کیا گیا جو کہ میزبان ملک زمبابوے اورجنوبی افریقا میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ پاکستان، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں نے آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے زمبابوے اور تھائی لینڈ کے خلاف میچ جیتے اور بنگلہ دیش سے اسے شکست ہوئی۔ مقامی ہوٹل میں 27 افراد بشمول کھلاڑیوں کو قرنطینہ کیا گیا ہے۔ تاحال کسی کھلاڑی اور عملے میں وائرس کی کوئی علامات نہیں ہے۔