ایف بی آر کی کامیابی

December 03, 2021

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (سابقہ سی بی آر)نے جو ہمیشہ ہی سے بجٹ اہداف پورا کرنے میںحرف تنقید رہا ہے حالیہ دنوں میں اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے ہوئے بعض کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ان پانچ مہینوں میں مقررہ ہدف کے مقابلے میں اس نے 297ارب روپے سے زیادہ کے ٹیکس وصول کئے ہیں۔ جولائی تا نومبر محاصل کا ہدف دو ہزار سولہ ارب روپے مقرر تھا جس کے مقابلے میں دو ہزار 313ارب روپے جمع ہوئے جبکہ بک ایڈجسٹمنٹ سے قبل ان اعداد و شمار میں مزید بہتری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مشیر خزانہ شوکت ترین اس حوالے سے بجا طور پر محصولات کا نیا ہدف 6 ہزار ایک سو ارب روپے مقرر کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں ان کے بقول اس اقدام سے اس سال بجٹ خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ رواں بجٹ کی تیاری کے دوران حکومت نے آئی ایم ایف کو گزشتہ سال کے چارہزار 721ارب روپے کے مقابلے میں پانچ ہزار 829ارب روپے ٹیکس جمع کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی متذکرہ اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے حکومت اپنے اس عزم میں کامیاب ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اس وقت ملک کا محض 33 فیصد طبقہ ٹیکس ادا کرتا ہے اور موجودہ حالات میں ایف بی آر اگر ابجٹ خسارہ کم کرتا دکھائی دے رہا ہے تو ایسی کوئی وجہ نہیں کہ وہ مستقل بنیادوں پر قومی آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے ماضی کے نقصانات کسی حد تک پورا کرنے میں کامیاب ہو سکے جبکہ معیشت کی بحالی کیلئے دوسرا عنصر درآمدات و برآمدات میں توازن کا ہے اورگو کہ پی ٹی آئی حکومت کی بعض پالیسیوں سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ہاں سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ بھی ہوا ہے تاہم اس کیلئے ادائیگیوں کا توازن ہی بڑا چیلنج ہے جس میں اسے بہر صورت کامیابی حاصل کرنی ہو گی۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998