اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق، نفاذ میں ابہام و پیچیدگیاں حائل

December 03, 2021

نیویارک (تجزیہ / عظیم ایم میاں) اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینے کے نفاذ میں ابہام اور پیچیدگیاں حائل ہیں اور متعدد قانونی و عملی مشکلاتہیں ، کیا امریکا ، کینیڈا اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا ڈبل حق ؟ امیگریشن لینے والی پہلی نسل کو آبائی وطن میں دلچسپی ہے تاہم نئی نسل کو پاکستان کے انتخابی عمل میں حصہ لینے کا شوق نہیں ۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹ دینے کے حق میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون تو منظور کرا لیا گیا ہے لیکن اس قانون کے نفاذ اورعمل بارے جو ابہام اور پیچیدگیاں حائل ہیں اُن کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ بیرون پاکستان سے ہر سال اربوں ڈالرز کا زرمبادلہ پاکستان بھجوانے والے تقریباً 90لاکھ اوورسیز پاکستانی جن ممالک میںرہائش پذیر ہیں انہیں دوکیٹگریز میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ خلیجی عرب ریاستوں، سعودی عرب اور ایسے ایشیائی اور افریقی ممالک جو غیرملکیوں کو روزگار اور رہائش کی اجازت تو دیتے ہیں لیکن سالہا سال تک رہائش کے باوجود امیگریشن اور شہریت نہیں دیتے اور نہ ہی انہیں ووٹ کا حق دیتے ہیں اور پاکستانیوں کو بالآخر پاکستان واپس آنا پڑتا ہے۔