سڑکوں پر واقع سکولوں کو روڈ کراس کیلئے اسسٹنٹس تعیناتی کی ہدایت

December 03, 2021

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)چیف سیکرٹری پنجاب نے سڑکوں پر واقع سکولوں وہسپتالوں کیلئے روڈ کراس کرانے کیلئے اسسٹنٹس کی تعیناتی کی ہدایات جاری کردیں۔کرائے کی عمارتوں میں موجود سکولوں کو عمارتیں تبدیل کرنا ہوں گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات پرراولپنڈی میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن سید گلزار حسین شاہ اور آر پی او اشفاق احمد کے زیر صدارت اجلاس ہواجس میں راولپنڈی ڈویژن میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے بہاولپور میں گزشتہ دنوں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں چار بچوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسا اندوہناک واقعہ رونما نہ ہو۔ انہوں نے تمام کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام سکول پرائیویٹ یا سرکاری جو مین روڈ پر واقع ہیں وہ اپنے 4 روڈ کراس اسسٹنٹ رکھیں جو بچوں کو روڈ کراس کروائیں، جو سکول کرائے کی بلڈنگ میں واقع ہیں انہیں سکول کی لوکیشن فوراʼتبدیل کرنے کےحکامات جاری کیے جائیں ، روڈ پر اسسٹنٹ کی شرط ہسپتالوں کے اوپر بھی لاگو ہو گی۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ تمام سکول کالج اور ہسپتال مین روڈ پر بنانے کی نئی منظوری نہ دی جائےاور تمام سکول اور ہسپتال روڈ کراس اسسٹنٹ رکھیں۔ آر پی او راولپنڈی اشفاق احمد نے کہا کہ ہر سال 18 سے 20 ہزار لوگ ٹریفک حادثات میں معذور ہو جاتے ہیں اور یہ شرح قتل ہونے والوں سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کی ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ باندھنے اور موٹرسائیکل چلانے کے دوران ہیلمٹ پہننے سے حادثات کو کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو مین روڈ پر ادارے بنانے کی نئی منظوری نہ دی جائے۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کے صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے روڈ سیفٹی پر ایک اجتماعی آگاہی مہم چلائی جائے۔ سکول اور کالجز جو لب سڑک واقع ہیں ان پر کیٹ آئیز لگائی جائیں۔ روڈ پر تمام ڈارک سپاٹس کی نشاندہی کی جائے اور اس سلسلہ میں ٹریفک سارجنٹ کی خدمات لی جائیں۔