بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر رقم ہتھیانے کے ملزموں کو 60سال قید

December 03, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سپیشل جج سینٹرل راولپنڈی ڈویژن سجاد حسین سندھڑ نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر رقم ہتھیانے کے تین مقدمات میں ملوث ملزمان کو مجموعی طور پر ساٹھ سال قید اور 90لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی، عدم ادائیگی جرمانہ پر مزید بارہ برس جیل میں رہنا ہوگا، ان میں دو مقدمات ایک دہائی سے بھی زائد پرانے تھے، فیصلے سنتے ہی ملزمان کو حراست میں لیکر اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا۔ ایف آئی اے نے دو مقدمات میں ملوث ملزم تنویر حسین کیخلاف 2009 میں مقدمہ نمبر 285 اور 2011میں مقدمہ نمبر 161درج کیا تھا دونوں کیسز میں ملزم پر ایک جیسا الزام تھا کہ اس نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر دو افراد سے لاکھوں روپے بٹورے تھے، جرم ثابت ہونے پر عدالت نے گزشتہ روز دونوں مقدمات کی دفعہ 18اور 22میں دس دس سال قید اور پندرہ پندرہ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔تیسرے کیس کے ملزم ناصر اقبال کو بھی دونوں دفعات میں دس دس برس قید اور پندرہ پندرہ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا ملی، چوبیس اپریل 2018کو درج ہونے والے اس کیس کے ملزم ناصر اقبال نے رضوان شہزاد اور تصور محمود کو سپین بھجوانے کا جھانسہ دیکر تیس لاکھ روپے ہتھیائے تھے، جرمانہ ادا نہ کرنے پر ملزمان کو چار چار برس مزید جیل رہنا ہوگا۔