لاہور آج پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار

December 03, 2021

فضائی آلودگی کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان نے مسلسل اپنی جگہ بنا لی ہے، لاہور آج پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی مقدار 372 ریکارڈ کی گئی۔

ایئر کوالٹی انڈیکس سے حاصل کردہ اعداد و شمار

بھارت کا دارالحکومت دہلی 293 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کراچی 160 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ نواں آلودہ ترین شہر ہے۔

پاکستان میں آلودگی کے اعتبار سے 402 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ صنعتی شہر فیصل آباد پہلے نمبر پر ہے، لاہور دوسرے اور بہاولپور 295 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق موسم سرد ہونے کے باعث اسموگ کے ساتھ دھند بھی بڑھنے لگی ہے، فوگ اور اسموگ کے باعث حدِنگاہ میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ لاہور شہر میں صبح کے وقت حدِ نگاہ 800 میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔

محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ آج لاہور میں کم سے کم درجۂ حرارت 11 اور زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ اگلے ہفتے سے پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔