گورنر پنجاب چوہدری سرور سے اوورسیز پاکستانی اقلیتی کمیونٹی ارکان کی ملاقات

December 04, 2021

لندن ( پ ر ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیز سے ملاقات کی ۔ اس ایونٹ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات اور لوگوں نے شرکت کی ۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے پاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادری کے تعمیری کردار کو سراہا اور اقلیتوں کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو اجاگر کیا جس میں مقننہ میں اقلیتوں کیلئے کوٹہ مقرر کرنا‘ پبلک سیکٹر اور تعلیمی اداروں میں ملازمتیں شامل ہیں ۔ انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور نفاذ کیلئے قانون سازی کی گئی ۔ گورنر سرور نے پاکستان میں نچلی سطح پر ہم آہنگی، روا داری اور خیر سگالی کو فروغ دینے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹیوں کے شان دار کام کا خاص طور سے ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان‘ قائداعظم کے جامعیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں گورنر پنجاب نے اپنی کوششوں سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا اٹوٹ انگ اور اس کی شناخت ہیں ۔ اقلیتوں کا تحفظ پاکستان کے بنیادی اصولوں کا حصہ تھا جسے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے فصاحت کے ساتھ بیان کیا تھا اور یہ آئین میں بھی درج ہے۔ ہائی کمشنر نے نشان دہی کی کہ اب یہ احساس پایا جاتا ہے کہ اقلیتوں کیلئے پہلے سے بھی زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہائی کمشنر معظم خان نے کہا کہ کرتار پور کوریڈور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے پاکستان کے وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے جسے پاکستان نے اپنے سکھ بھائیوں کو سہولت فراہم کرنے کے واحد ارادے سے بنایا ہے۔ انہوں نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے آبائی ملک اور اپنے ورثے کے ساتھ اپنی وابستگی پر ثابت قدم رہیں ۔ اس تقریب نے پاکستانی اقلیتوں کے ڈیاسپورا کے ارکان کو معزز شخصیت کے ساتھ براہ راست بات چیت اور اپنے مختلف مسائل پر ان کی بصیرت سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کیا ۔