بلدیاتی ترمیمی بل، جماعت اسلامی کا یوم سیاہ، مختلف مقامات پرمظاہرے

December 04, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے تحت بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف جمعہ کو کراچی میں ”یوم سیاہ“ منایاگیا۔شہر بھر میں سیکڑوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور کارنرمیٹنگز منعقد کی گئیں،اس موقع پربلدیاتی ترمیمی بل2021کو فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔مسجد خضرا کے سامنے صدر میں مظاہرے سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، امیر ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید اور پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی نے خطاب کیا۔اس موقع پر سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سندھ میں 14سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا کراچی کے اداروں پر قبضے کیے گئے اور اب مکمل طور پر پوری بلدیہ کو اپنے تابع بنانے اور تمام اختیارات و وسائل اپنے کنٹرول میں لینے کے لیے بلدیاتی ترمیمی بل 2021کے نام سے کراچی پر ایک کالا قانون مسلط کردیا گیا ہے 2012اور2013میں بلدیہ کے اختیارات کم کیے گئے تھے اب رہے سہے اختیارات بھی چھین کر فسطائیت اور غیر جمہوری رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کروڑ سے زائد عوام کا استحصال کیا گیا ہے۔