سیالکوٹ واقعہ: مہوش حیات کا عمران خان سے مطالبہ

December 04, 2021

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغۂ امتیاز مہوش حیات نے سیالکوٹ واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں مہوش حیات نے کہا کہ ’میرے پاس جذبات کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ کافی نہیں ہیں۔‘

مہوش حیات نے کہا کہ ’بحیثیت قوم ہمارا سر شرم سے جھک جانا چاہیے۔‘

اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’کیا ہم واقعی ایک ایسے ملک میں رہنا چاہتے ہیں جہاں ہجوم کی حکمرانی معمول ہے؟‘

اداکارہ نے وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’ہم آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں کہآپ اس سفاکیت کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کریں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی گئی تھی۔

مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔