سیالکوٹ کا افسوسناک واقعہ دیکھ کر بیمار ہوگئی ہوں: ماہرہ خان

December 04, 2021

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان نے سیالکوٹ واقعے پر شدید شرمندگی کا اظہار کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں ماہرہ خان نے کہا کہ’ یہ افسوسناک واقعہ دیکھ کر بیمار ہوگئی ہوں، یہ سفاکیت کی انتہا ہے‘۔

ماہرہ خان نے کہا کہ ’’میں بحیثیت قوم سیالکوٹ واقعے پر بےحد شرمندہ ہوں۔‘

اداکارہ نے وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’میں جواب کے لیے، انصاف کے لیے اور اپنے ملک سے اس لعنت کو دور کرنے کے لیے عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہوں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی گئی تھی۔

مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔