جامعہ پنجاب نے سندھ کے طلبہ کے داخلے منسوخ کردیے

December 04, 2021

جامعہ پنجاب کے رجسٹرار کی جانب سے تمام ڈینز، کالجوں کے پرنسپلز، ڈائریکٹرز اور چیئرمینز کو خط لکھا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ جامعہ پنجاب نے سندھ کے طلبہ کو دیے گئے داخلے منسوخ کردیے ہیں۔

خط کے متن کے مطابق جامعہ پنجاب میں داخلوں کی حتمی تاریخ 8 نومبر تھی، سندھ کے انٹر کے نتائج جاری نہیں ہوسکے، جس کی وجہ سے اب طلبہ کے داخلے منسوخ کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب ترجمانوزیر جامعات بورڈز سندھ اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے وفاقی حکومت اور پنجاب یونیورسٹی کو خط لکھا ہے، جس میں کہا ہے کہ سندھ کے طلبہ کا مستقبل داؤ پر ہے، جس میں طلبہ کا کوئی قصور نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سندھ کے طلبہ کے عارضی داخلے معطل کرنا ناانصافی ہے، سب جانتے ہیں کہ کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ تعلیمی عمل متاثر ہوا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ہر سال اپریل میں ہوتے ہیں جبکہ کورونا کے باعث جولائی میں ہوئے، وبا کی وجہ سے پرچوں کا شیڈول ستمبر تک جاری رہا ہے۔