پریزائیڈنگ افسر پر نگاہ رکھنے کیلئے فونز میں ایپ ڈاؤن لوڈ کی ہے، سکندر سلطان راجہ

December 04, 2021

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ پریزائیڈنگ افسر پر کڑی نگاہ رکھنے کے لیے ان کے فونز میں ایپ ڈاؤن لوڈ کردی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا جائزہ لینے کےلیے 3 کمیٹیاں تشکیل دی ہیں، کمیٹیوں میں پروفیشنل اور ٹیکنیکل لوگ شامل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں ای وی ایم سے متعلق فیصلہ کریں گے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق آئین و قانون کے تحت فیصلہ کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ این اے 133 میں حکومت اور رینجرز کے اشتراک سے بہترین انتظامات کیے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولیس تعینات ہوگی جبکہ رینجرز اہلکار گشت کریں گے۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن کے بعد کسی الیکشن میں پریزائیڈنگ افسر کے غائب ہونے کا واقعہ نہیں ہوا، ڈسکہ الیکشن میں بے ضابطگی کے ذمہ داروں کو سبق مل جائے گا۔