مفتی منیب الرحمٰن کی سیالکوٹ واقعے کی مذمت

December 04, 2021

رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہےکہ کل سیالکوٹ میں انتہائی ناخوشگوارسانحہ رونما ہوا، اس واقعے پر افسوس کا اظہار اور مذمت کرتے ہیں۔

ایک بیان میں مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ ملک میں آئینی اور قانونی نظام موجود ہے، اس نظام کے ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں لینے کا جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے معاشرے میں انارکی اور لا قانونیت پھیلتی ہے۔

اس سے قبل ممتاز عالمِ دین مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ واقعے نے مسلمانوں کی بھونڈی تصویر دکھا کر ملک و ملت کو بدنام کیا۔

جاری کیے گئے ایک بیان کے ذریعے ممتاز عالمِ دین مفتی تقی عثمانی کی جانب سے گزشتہ روز سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکڑوں مشتعل افراد نے سری لنکن شہری پر مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر ڈنڈے برسائے، اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، لاش کی بے حرمتی کی، گھسیٹا اور آگ لگا دی۔