سانحۂ سیالکوٹ میں پولیس کی کوتاہی ثابت نہیں ہوئی: IG پنجاب

December 04, 2021

آئی جی پنجاب راؤ سردار کا کہنا ہے کہ سانحۂ سیالکوٹ کے حوالے سے اگر کوئی کوتاہی ہوئی تو اس کا جائزہ لیں گے، واقعے میں پولیس کی کوتاہی ثابت نہیں ہوئی، راستے بلاک تھے، ڈی پی او اور ایس اپی پیدل چل کر وہاں پہنچے۔

یہ بات آئی جی پنجاب راؤ سردار نے پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور کے ہمراہ سانحۂ سیالکوٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا ہے کہ سانحۂ سیالکوٹ کے حوالے سے آر پی او اور ڈی پی او 24 گھنٹے چھاپوں کی نگرانی کر رہے ہیں، مقامی پولیس نے فوری طور پر حکام کو آگاہ کیا۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ فیکٹری کے اندر کوئی پولیس نہیں ہوتی، کوئی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ نہیں ہوتا، تفتیش میں طے کریں گے کہ کس ملزم کا کیا رول تھا، سارے ملزم تو قاتل نہیں، ہر ملزم کا کردار طے کیا جائے گا۔

راؤ سردار کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب تک جو کچھ کیا ہے اس کی تفصیلات شیئر کر رہے ہیں، 160 فوٹیجز کی روشنی میں گرفتاریاں کی جائیں گی۔