چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گالف چیمپئن شپ منہاج مقصود نے جیت لی

December 04, 2021

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گالف چیمپئن شپ منہاج مقصود نے جیت لی، سیکنڈ پلے آف میچ میں کے جی سی کے محمد زبیر کو شکست ہوئی۔

کراچی گالف کورس پر چیمپئن شپ کا فائنل راؤنڈ انتہائی دلچسپ رہا، پروفیشنل گالفرز کے درمیان خوب جوڑ پڑا، پرو لیڈر فلائٹ میں منہاج مقصود، شبیر اقبال اور طالب حسین کے درمیان مقابلہ تھا جہاں طالب حسین اور شبیر اقبال بوگی کر کے باہر ہوگئے۔

سیکنڈ لیڈر فلائٹ میں مطلوب احمد، محمد زبیر اور عبدل ظہور کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا جس میں سے مطلوب احمد اور محمد زبیر اور لیڈر فلائٹ سے منہاج مقصود نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔

تینوں گالفرز کا 279 کے یکساں اسکور کے ساتھ پھر مقابلہ شروع ہوا، ایسے میں مطلوب احمد پٹ مس کر گئے، منہاج مقصود اور محمد زبیر کے درمیان دوبارہ سیکنڈ پلے آف کھیلا گیا۔

ٹی آف کے بعد دونوں گالفرز کا شاٹ مشکل کنڈیشن پر جاگرا خوب سوچ بچار کے بعد وہاں سے بھی گالفرز اپنی گیند کو ہول کے قریب پہنچانے میں کامیاب رہے مگر یہاں قسمت کی دیوی منہاج مقصود پر مہربان ہوگئی۔

منہاج نے پٹ کر کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گالف چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔

ایونٹ میں محمد زبیر دوسرے اور مطلوب احمد تیسرے نمبر پر رہے۔

خواتین میں حمنہ امجد کامیاب رہیں جبکہ امیچرز میں صائم شازلی نے کامیابی حاصل کی۔