محکمہ واسا کا شعبہ ریکوری نادہند سرکاری محکموں کے سامنے بے بس

December 05, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ واسا کا شعبہ ریکوری نادہندہ سرکاری محکموں کے سامنے بے بس ہو گیا ، سرکاری محکموں نے پانی اور سیوریج کے بلوں کی مد میں کروڑوں روپے دبا لئے - سرکاری محکموں سے ریکوری نہ ہونے سے ریکوری اہداف کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے ، دوسری جانب ڈیڈ ڈیفالٹرز سے بھی ریکوری کے لئے اقدامات نہ اٹھائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ واسا انتظامیہ کی جانب سے نادہندہ سرکاری محکموں اور ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف مؤثر لائحہ عمل تشکیل نہیں دیا جا سکا ، جس کی وجہ سے نادہندہ محکموں اور ڈیڈ ڈیفالٹرز کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے - نادہندہ سرکاری محکموں میں ضلعی ، صوبائی اور وفاقی محکمہ جات شامل ہیں ۔ جامعہ زکریا 2 کروڑ 33 لاکھ ، محکمہ ریلوے ایک کروڑ 83 لاکھ ، میپکو کا قاسم پور گرڈ سٹیشن ایک کروڑ 20 لاکھ ، وہاڑی روڈ گرڈ اسٹیشن ایک کروڑ 20 لاکھ 24 ہزار ، جبکہ محکمہ انہار 64 لاکھ روپے سے زائد کا نادہندہ ہے - تعلیمی بورڈ 36 لاکھ ، مدنی پارک 25 لاکھ ، باغ لانگے خان 18 لاکھ ، گورنمنٹ ڈسٹرکٹ اسپتال 12 لاکھ ، سرکٹ ہاؤس 6 لاکھ روپے کے ساتھ نادہندگان محکموں کی فہرست میں شامل ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر آفس ، پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ، ابن قاسم پارک ، ایڈمنسٹریٹر غلہ منڈی ، پولیس لائن سمیت دیگر محکمے بھی واسا کے لاکھوں روپے کے نادہندہ ہیں ۔ اس حوالے سے واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نادہندہ سرکاری محکموں اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ریکوری کے لئے جلد لائحہ عمل بنا لیا جائے گا ، مختلف اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔