کراچی، وزیراعظم کے معاون خصوصی کا ترجمان فائرنگ سے زخمی

December 06, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر میں وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی کے ترجمان کی کار پر ملزمان نے فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسٹور کے قریب کھڑی کار پر دو ملزمان نے فائرنگ کرکے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی کے ترجمان جلال بچلانی کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے ،واقعہ کے بعد وہ خود اپنی گاڑی چلا کر نجی اسپتال پہنچے ، اطلاع پر پولیس اور پی ٹی آئی کے عہدیداران بھی اسپتال پہنچ گئے ۔پولیس نے بتایا کہ جلال بچلانی نے پولیس کو ابتدائی بیان دیا کہ وہ اسلام آباد سے اپنے سسر کی عیادت کے لئے کراچی آئے ہوئے ہیں اور رات میں اسپتال میں داخل سسر کی عیادت کے لیئے نکلے تھے ،راستے میں ایک اسٹور پر پانی کی بوتل خریدنے کے لئے گاڑی روکی تھی کہ موٹرسائیکل سوار دو ملزمان گاڑی کے دونوں اطراف سے آئے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے،انھیں ایک گولی کندھے میں لگتے ہوئے ہاتھ میں لگ گئی جبکہ پچھلی سیٹ پر بیٹھے ایک رشتے بال بال بچ گئے ،جلال بچلانی نے کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان ٹارگٹ کرنے آئے تھے ملزمان نے لوٹنے کی کوشش نہیں کی ملزمان اسٹریٹ کرمنل نہیں تھے ، پولیس کے مطابق جلال بچلانی وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کے پی آر او کے ساتھ وہ کوارڈینٹر(آئی سی ٹی) اسلام آباد پولیس ،ممبر ڈسٹرکٹ ذکوۃ و عشرکمیٹی اسلام آباداورممبر پرائس کنٹرول کمیٹی کے عہدے پر بھی فائز ہی ، تاہم پولیس نے واقعہ کا مقدمہ جلال بچلانی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کرکے مختلف پہلووں سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے ۔