نارتھ ناظم آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

December 06, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ ناظم آباد میں مسلح ڈاکووں نے ڈکیتی مزاحمت پر کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور2 افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے شہریوں کی مددسے ایک ملزم کو پکڑلیا۔پولیس نے ایک ملزم کامران ولد رضا خان کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، جبکہ اسکے فرار ہو نے والے ساتھی اعظم سمیت 2ملزمان کی گرفتاری کے لئے کامران کی نشاندہی پرکٹی پہاڑی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے تاہم گرفتاری عمل میں نہیں آسکی، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول رحیم بخش پہاڑگنج کارہائشی اور5 بچوں کاباپ اور اسپئرپارٹس اورکنسٹرکشن کاکام کرتاتھا ،مقتول نے 2شادیاں کی تھیں ،دوسری اہلیہ سے کوئی اولاد نہیں تھی ، پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتول کے رشتے داروں نے بتایا کہ مقتول شادی کی تقریب میں شرکت کرکے واپس گھرآرہاتھاکہ راستے میں مذکورہ واقعہ رونما ہوگیا ،پولیس کے مطابق گرفتار اور فرار ملزمان کٹی پاڑی کے رہائشی ہیں ، پولیس فرار ملزمان کی تلاش میں چھاپے ماررہی ہے،تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آبادبلاک اے موٹر سائیکل سوار ملزمان نےڈکیتی کے دوران مزاحمت کر نے پر کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی جس پر علاقہ مکینوں نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو پکڑ لیا جبکہ 2 ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے ، اطلاع ملنےپر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا ، ریسکیو عملے نے زخمیوں کو ایمبولنس میں عباسی اسپتال منتقل کیا لیکن اسپتال پہنچنے سے قبل ایک زخمی دم توڑ گیا ،پو یس کے مطابق اسپتال میں مقتول کی شناخت 48سالہ رحیم بخش ولد عبدالخالق اور زخمیوں کی 25سالہ ناصر اعجاز اور 22سالہ عبدالاحد عامر کے نام سے ہوئی ہے ، پولیس کے مطابق جس وقت یہ واقعہ پیش آیا کار میں مقتول رحیم اکیلا تھا ،مقتول نے 3ملزمان سے مزاحمت کی تو اس دوران ایک ملزم نے کار پر فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی ، فائرنگ کی آواز سے بھگدڑ مچ گئی اور علاقہ مکینوں نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش میں دوبارہ اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر احد اور ناصر زخمی ہوگئے اس ہی دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی ۔