2015 تا 2020، سڑک حادثات میں اموات آٹھ فیصد کم ہوئیں، ادارہ شماریات

December 06, 2021

اسلام آباد (قاسم عباسی) پاکستان بیورو برائے شماریات کا گزشتہ چھ سال کا ریکارڈ یہ بتاتا ہے کہ 2015سے 2020تک سڑک حادثات سے ہونے والی کل اموات میں آٹھ فیصد تک کمی آئی ہے۔ تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پورے پاکستان میں ہونے والے کل سڑک حادثات میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کا حصہ 80 فیصد ہے۔ دی نیوز کے رابطہ کرنے پر سول سروس کے ایک ریٹائرڈ افسر افضل شگری نے وضاحت کی کہ خیبرپختونخوا جیسے پہاڑی علاقے مختلف وجوہات کی بنا پر سڑک حادثات کا زیادہ شکار ہیں۔ تفصیلات بتاتے ہوئے ریٹائرڈ عہدیدار نے بتایا کہ خطرناک موسم اور مشکل سڑکوں کے نیٹ ورک کی وجہ سے کے پی کے جیسے علاقوں میں مزید حادثات ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈاکٹر شعیب سڈل، جو ایک سینئر ریٹائرڈ سول سروس افسر بھی ہیں، سے دی نیوز نے رابطہ کیا تاکہ پاکستان بیورو برائے شماریات کے شیئر کئے گئے ڈیٹا پر مزید تجزیہ حاصل کیا جا سکے۔ ڈاکٹر شعیب نے دی نیوز کو بتایا کہ اس بات کا ہمیشہ امکان رہتا ہے کہ جرائم سے متعلق اعداد و شمار کم رپورٹ ہوں۔