5 سالہ بد انتظامی کو ٹھیک کرینگے تو مہنگائی تو آنی تھی، تیمور سلیم جھگڑا

December 06, 2021

کراچی(ٹی وی رپورٹ) صوبائی وزیر خزانہ و صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ 5سالہ بد انتظامی کو ٹھیک کریں گے تو مہنگائی تو آنی تھی، ہم 70 فیصد بھی اپنے منشور پرعمل پیرا رہے تو آئندہ5سال میں تبدیل شدہ پاکستان ہوگا،وہ جیو نیوز کے پروگرام ”ایک دن جیو کے ساتھ“ میں میزبان سہیل وڑائچ سے گفتگو کررہے تھے۔ صوبائی وزیر خزانہ و صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم خان جھگڑا نے مزید کہا کہ سیاست فیملی میں تھی میرا اپنا کیریئر بہت مختلف تھا میرے والد صاحب کی خواہش تھی کہ کیریئر خود سے بنانا چاہئے۔ سیاست میں آنے کا فیصلہ میرے چچا کی وفات کے بعد ہوامیں نے اپنا نانا کو دیکھا تھا میں ان کو پسند بھی کرتا تھا میرے دادا کی وفات میری پیدائش سے قبل ہوئی تھی۔لیکن افتخار جھگڑا بھی یہاں سے وزیر رہ چکے تھے اور انہوں نے تقریباً40 سال سیاست کی تھی ان کے انتقال کے بعد یہ محسوس ہوا کہ خاندان کی جو ایک ثقافت ہے عوامی خدمات کی اس کو جاری رکھنا چاہئے۔ افتخار جھگڑا عمران خان کے ہم جماعت تھے اور انہوں نے درمیان میں پی ٹی آئی جوائن بھی کی تھی۔ لیکن جو شاید ان کی سیاست کے اصول تھے اور پھر جو میرے اپنے پرنسپل تھے وہ مجھے لگا کہ اگر ایک شخصیت ایک پارٹی ان کی عکاسی کرتی ہے تووہ عمران خان تھے۔ بلکہ اتفاق سے مجھے پی ٹی آئی جوائن کرنا بہت مشکل پڑاکیونکہ بہت مخالفت ہوئی اور بہت رسک لینا پڑے۔