پریانتھا کمارا پر تشدد میں ملوث مزید 7 افراد گرفتار

December 06, 2021

گزشتہ ہفتے سیالکوٹ میں پیش آنے والےسری لنکن شہری کے قتل کے افسوسناک واقعے میں ملوث مزید 7 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس کے مطابق سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکا کے مقتول شہری پریانتھا کمارا پر تشدد کے لیے چھت پر لوگوں کو اکٹھا کرنے والے ملزم سکندر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق پریانتھا کمارا پر تشدد کرنے والے ہجوم میں شاململزم راشد، ہجوم میں ڈنڈے سے لیسملزم احمد شہزاد، تشدد کے لیے اکسانے کی پلاننگ میں ملوث ملزم زوہیب، ملزم محمد ارشاد، سبحان اور عمیر علی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سیالکوٹ کیس میں گرفتار ملزموں کی تعداد 132ہوگئی ہے، اب تک کی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان میں 26 کا مرکزی کردار سامنے آیا، ملزمان کو پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ساتوں ملزمان کوسی سی ٹی وی ویڈیو، موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سےگرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب کیس کی تحقیقات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کیس کی پراسیکیوشن کا ٹاسک سیکریٹری پراسکیوشن کو سونپا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث زیر حراست افراد کی نشاندہی کا عمل جاری ہے۔