ایک تو شام رنگ رنگ، پھر مِرے خواب رنگ رنگ....

December 12, 2021

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: صالحہ نورین

ملبوسات: بی -اے ڈیزائنر بائے بینش عابد

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: ایم -کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

سمن شاہ کی ایک نظم ہے؎’’تمہیں پہلی نظر میں …دیکھ کر …ایسے لگا، جیسے… تمہیں ملنے سے پہلے ہی …مجھے تم سے …محبت تھی‘‘۔یہ سچ ہے کہ کبھی پہلی ہی ملاقات میں یوں گماں ہوتا ہے کہ جیسے صدیوں کی رفاقت ہو اور کبھی زمانے بیت جاتے ہیں، مگر محبّت دِل میں گھر نہیں کرپاتی۔البتہ یہ ضرورطے ہے کہ جب کوئی مَن میں آن بسے، تو پھر وہ وہیں کا ہو رہتا ہے۔اور پھر اُس مکیں کے لیے خُوب سجنےسنورنے کو دِل بھی آپ ہی آپ مچلا جاتا ہے۔ تو لیجیے، اس بار ہم نے اپنی بزم بھی محبّت ہی کے کچھ دِل کش رنگوں سے رنگ دی ہے۔

ذرا دیکھیے، فیروزی رنگ کام دار ٹراؤزر کے ساتھ سیاہ نیٹ کی ڈبل لیئر ٹیل فراک کیسی پیاری لگ رہی ہے۔فراک کا اِنر پلین ہے، جب کہ اَپر کے گھیر پر ریڈی میڈ لیس اور کہیں کہیں ستاروں کے بنچز بےحد جاذبِ نظر لگ رہے ہیں۔پھر فون رنگ پیراہن کی بھی کیا ہی بات ہے۔ پلین اسٹریٹ ٹراؤزر کے ساتھ منفرد انداز انگرکھا خُوب جچ رہا ہے۔ایک جانب سفید رنگ پینٹ اسٹائل ٹراؤزر کے ساتھ فیروزی رنگ قمیص،جس کے گلے پر ایمبرائڈری کی گئی ہے، خوش گوار تاثر دے رہی ہے،تو دوسری جانب سُرخ رنگ گھیر دار میکسی کے ساتھ فون رنگ دوپٹّے کےبھی کیا ہی کہنے۔اسی طرح ٹی پنک قدرے کم کام دار غرارے کے ساتھ ایمبرائڈرڈ فرنٹ اوپن ٹیل شرٹ کا اندازبھی خوب جچ رہا ہے،توسیاہ سِلک کے بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ کلیوں والی سائیڈ اوپن میکسی کی جدّت و ندرت بھی اپنی مثال آپ ہے۔