لاہور ایئرپورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی ایکسرسائز کامیابی سے مکمل

December 06, 2021

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی ایکسرسائز ’ایوی ایشن ریسکیو 21‘ کامیابی سے مکمل ہوگئی۔

مشق کے دوران ایئرپورٹ پر جہاز میں لگی آگ بجھانے کا عملی مظاہرہ کیا گیا، فل اسکیل ایکسرسائز میں ایئرپورٹ ایمرجنسی فائر اور میڈیکل سروسز نے بھرپور حصہ لیا۔

ایکسرسائز کو حقیقت کا رنگ دینےکے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بڑے پیمانے پر تیل کی کلاس بی فائر کو جدید ترین کریش ٹینڈرز سے بجھانے کا عملی مظاہرہ کیا۔

مشق کے دوسرے مرحلے میں جہاز میں پھنسے ہوئے زخمی مسافروں کو سی اے اے اور ریسکیو 1122 فائر فائٹرز نے مہارت کے ساتھ جہاز سے باہر نکال کر میڈیکل سروسز کےحوالے کیا۔

اس دوران زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دے کر متعلقہ اسپتال کے لیے روانہ کیا گیا۔

اس مظاہرہ میں ایئرسائیڈ مینجمنٹ اور سی اے اے کے مختلف ڈپارٹمنٹ کے عملے نے میڈیکل، فائر سروس اور انفارمیشن ڈپارٹمنٹ نے بھرپور شرکت کی۔

ریسکیو 1122، پی آئی اے سٹی فائر، ایدھی ایمبولینس، پاک آرمی، پاکستان ایئر فورس، سی اے اے فائر اور میڈیکل سروس، سروسز اسپتال، جنرل اسپتال، جناح اسپتال، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ہیلتھ سروسز نے بھی شرکت کی۔

عینی شاہدین نے، جن میں ایئر لائنز گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنٹ، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، سٹی گورنمنٹ اور مختلف اسپتالوں کے نمائندے شامل تھے، مظاہرے کو دیکھا۔

عینی شاہدین نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر اداروں کی فائر اور میڈیکل سروسز کی عمدہ کارگردگی کو سراہا۔