بلدیاتی نظام کالا قانون، کراچی کے شہریوں پر تھوپا جارہا ہے، شہزاد قریشی

December 07, 2021

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے سندھ کے بلدیاتی نظام اور اس کے تحت منتخب ہونے والے بے اختیار ناظم پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک کالا قانون ہے جو کراچی کے شہریوں پر تھوپا جارہا ہے، تحریک انصاف اس بلدیاتی نظام کے خلاف 12دسمبر کو تمام ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ کانفرنس بلائے گی جس کیلئے رابطے بھی شروع کردیئے گئے ہیں،19دسمبر کو کراچی میں بھر پور احتجاج کیا جائے گا، اُنہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت آنے والا میئر بے اختیار ہوگا کیونکہ اُس کے پاس سے ایس بی سی اے، واٹر بورڈ، تعلیم، صحت سمیت کئی شعبے لے لئے گئے ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کا گذشتہ میئر بھی یہی دُہائیاں دیتا ہوا چلا گیا کہ میرے پاس کوئی اختیار نہیں، لیکن جو تھوڑے بہت اختیار میئر کے پاس ہوتے تھے وہ بھی اس کالے قانون کے ذریعے اُس سے چھین لئے گئے ہیں،اُنہوں نے میئر کے انتخاب کیلئے سیکریٹ بلیٹنگ کی سختی سے مخالفت کی۔