کلثوم، شہباز شریف کے اضافی ویلتھ ٹیکس سے متعلق ایف بی آر کی اپیلیں خارج

December 07, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے مرحومہ کلثوم نواز اور شہباز شریف کے اضافی ویلتھ ٹیکس سے متعلق ایف بی آر کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اپیل گزار ایف بی آر کلثوم نواز اور شہباز شریف کو ڈیمانڈ نوٹس بھجوانا ثابت نہیں کر سکا واضح رہے کہ شریف خاندان نے ایف بی آر کے نوٹسز لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیے تھے،جہاں فاضل عدالت نے ایف بی آر کے اضافی ٹیکس نوٹسز کالعدم قرار دے دیئے تھے جس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس سید منصو ر علی شاہ پر مشتمل بنچ نے پیر کے روز کیس کی سماعت کی تو وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے اضافی ویلتھ ٹیکسز سے متعلق ایف بی آر کی اپیلیں خارج کر تے ہوئے قرار دیا کہ مرحومہ اور شہباز شریف نے 1994سے 1998تک ویلتھ ٹیکس جمع کرایا تھا،ایف بی آر نے شہباز شریف اور مرحومہ کلثوم نواز کو اضافی ویلتھ ٹیکس کیلئے نوٹسز جاری کیے تھے،اضافی واجبات کے نوٹسز بھی ویلتھ ٹیکس جمع کرانے کے بعد بھیجے گئے،اضافی ویلتھ ٹیکس کیلئے ڈیمانڈ نوٹس کا دیا جانا ضروری ہے۔