مسلم لیگ (ن) عوام کے دل کی دھڑکن ہے، حمزہ شہباز

December 07, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن )کے ٹکٹ ہولڈر ملک آصف رفیق رجوانہ اور لیگی رہنماکشف خان نے لاہور میں پنجاب اسمبلی کے قائدحزب اختلاف حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں لاہور کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ کی کامیابی پر مبارکباد دی،اس ملاقات میں انہوں نے 16 دسمبرکو ہونے والے خانیوال کے ضمنی الیکشن بارے حلقہ کی تازہ ترین رپورٹ بھی حمزہ شہباز شریف کوپیش کی،اور اس امید کااظہار کیاکہ لاہور کی طرح خانیوال کے ضمنی الیکشن میں بھی لیگی شیر کامیاب ہو گا، حمزہ شہباز نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ( ن) عوام کے دل کی دھڑکن ہے اور حکومت کا جبرعوام کو مسلم لیگ سے توڑنے میں ہر بار ناکام رہا ہے،حالیہ دنوں میں ہونے والے تمام ضمنی انتخابات کے نتائج اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اس کے نام نہاد دعواوں کی قلعی عوام کے سامنے کھل چکی ہے حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ہوشربا مہنگائی نے عوام کی کمرتوڑ کررکھ دی یہی وجہ ہے کہ عوام آج حکومت وقت کوبدعائیں دینے پر مجبور ہوگئے ہیں اس حکومت کے سرپرست بھی آج ان سے دور ہورہے ہیں انشا اللہ جلد پورے ملک میں عوام کی خادم جماعت مسلم لیگ ن کی حکومت ہوگی۔