سٹیڈیم روڈ، پنڈورہ میں تجاوزات، بے ہنگم پارکنگ سے ٹریفک جام معمول

December 07, 2021

راولپنڈی ( وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) سٹیڈیم روڈاورپنڈورہ میں تجاوزات اورگاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ کے باعث ٹریفک جام رہناروزکا معمول بن گیا، جڑواں شہروں کوملانے والی دونوں سڑکوں پر ریڑھی بانوں ،ٹھیلے والوں اورگاڑیاں ٹھیک کرنے والے میکنیکس نے قبضہ جمارکھاہے۔ نائنتھ ایونیوسے مری روڈپر آنے والی ٹریفک جوں ہی آئی جے پی روڈکوکراس کرکے راولپنڈی کی حدودسٹیڈیم روڈ میں داخل ہوتی ہے توگاڑیوں کی رفتارمدہم ہوجاتی ہے اورسڑک کنارے غیرقانونی طورپرپارک کی گئی گاڑیوں اورپھل وسبزی فروشوں اوردیگراشیاء فروخت کرنیوالی ریڑھیوں کی کثرت کی وجہ سے ٹریفک بلاک ہوجاتی ہے حالانکہ یہ روڈانتہائی کشادہ ہےلیکن تجاوزات کی وجہ سے تنگئی داماں کاشکوہ کرتی دکھائی دیتی ہے ،اس حوالے سے بلدیاتی اداروں اورسٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی چشم پوشی کے باعث یہاں اکثروبیشتر ٹریفک جام رہتی ہے ،کچھ یہی حال پنڈورہ اورسیدپورروڈکاہے جہاں آدھی سڑک پر ریڑھی بانوں اور ٹھیلے والوں نے قبضہ جمارکھاہے ۔ چیف ٹریفک آفیسرتیمورخان نے جنگ کے استفسارپربتایاکہ سٹیڈیم روڈپراضافی ٹریفک سٹاف تعینات کردیاگیاہے جب کہ غیرقانونی پارکنگ کے خاتمہ کے لئے یہاں لٖفٹربھی بھیجاجائے گا ۔سی ٹی اونے کہاکہ ٹریفک کی روانی برقراررکھنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کومل کرکام کرناہوگا۔سی ٹی اونے کہاکہ تجاوزات کے خاتمہ کے لئے بلدیاتی اداروں کے ذمہ داران اور تاجروں سے بات چیت کی جارہی ہے۔